مصدق ملک

دوسروں پر سازش کرنے کا الزام لگانے والے عمرا ن خان خود بتائیں ملک کے ساتھ کیا کرنا چاہ رہے ہیں،مصدق ملک

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ دوسروں پر سازش کرنے کا الزام لگانے والے عمرا ن خان خود بتائیں ملک کے ساتھ کیا کرنا چاہ رہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ رکوانے کی پوری کوشش کی گئی، اس وقت سیلاب متاثرین کا ہاتھ تھامنے کی ضرورت ہے، عمران خان نے ان کیلئے تو ایک لفظ نہیں بولا، آئی ایم ایف پروگرام سے زیادہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا ہماری بڑی کامیابی ہو گی، ملک اب صحیح سمت میں چل پڑا ہے، قطر اور متحدہ عرب امارات اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، ہم نے درآمدات کم کی ہیں تاہم زرمبادلہ کے ذخائر کو کم نہیں ہونے دیا۔ جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لوگ بے سروسامان کھلے آسمان تلے عوام کی خدمت کرنے والوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، وفاقی، صوبائی حکومتیں اور دیگر ادارے متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، متاثرین کیلئے ایک ایک روپے کی ضرورت ہے، ایسے وقت میں عمران خان کہتے ہیں کہ میں چھوڑوں گا نہیں، وہ لوگوں کا نام لے کر انہیں دھمکیاں دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں نام لے لوں گا، عمران خان بتائیں وہ کس کا نام لیں گے اور سازش کس کو کہتے ہیں، ملک میں بجلی کی پیداوار کیلئے پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا، جب گیس سستی مل رہی تھی تو نہیں خریدی، ملک کو درست سمت میں نہیں ڈالا، گندم اور چینی برآمد کرکے پھر درآمد کر لی،

کیا وہ ملک ریاض کا نام لیں گے جس سے 450 کنال زمین لے کر 250 ملین ڈالر دے دیئے یا عارف نقوی کا نام لیں گے جس سے 3 ملین ڈالر لے کر اسے اڑھائی ارب روپے کا فائدہ پہنچا دیا یا شہباز گل کا نام لیں گے جس نے بغاوت پر اکسایا۔ مصدق ملک نے کہا کہ گزشتہ ورزامید تھی کہ عمران خان سیلاب متاثرین کیلئے بات کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، امریکہ پر وہ سازش کا الزام لگاتے ہیں تاہم وہاں ڈیوٹ فینٹن کو لابسٹ رکھا ہوا ہے جو ایٹمی پروگرام کا مخالف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک سیلاب کی زد میں ہے، جب لوگوں کو امداد کی ضرورت ہے آپ اپنے صوبائی وزرا خزانہ سے کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف رکوانے کیلئے خط لکھو تاکہ پاکستان خدانخواستہ سری لنکا بن جائے، لوگ سیلاب کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، انہیں اشیا خوردنی اور دیگر سہولیات کی ضرورت ہے، عمران خان بتائیں کہ آئی ایم ایف پروگرام منسوخ کرانے کیلئے خط کس کے خلاف سازش تھی، 2014 میں چین کے صدر کے دورہ کو رکوانا، قطر کی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا، سعودی عرب، ملائیشیا اور ترکیہ کے خلاف بیانات کیا یہ ملک کے خلاف سازش نہیں تھی؟ پی ٹی آئی نے غیر ملکی کمپنیوں اور شہریوں سے فارن فنڈنگ لی، عمران خان کو کسی شہید کے گھر جانے کی تو توفیق نہیں ہوئی تاہم شہدا کے خلاف مہم چلائی گئی،

عمران خان کو حکمرانی کا لالچ ہے اور وہ کہتے ہیں کہ اس ملک کا نقصان ہو جائے جس میں وہ حکمران نہ ہوں۔ مصدق ملک نے کہا کہ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کا پروگرام آخری پروگرام ہو، آئی ایم ایف سے معاہدہ ایک کامیابی ہے لیکن آئی ایم ایف پروگرام کی نسبت ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا ہماری بڑی کامیابی ہو گی، سری لنکا جیسی صورتحال سے ہم دور نہیں تھے لیکن اللہ تعالی نے کرم کیا ہے، اب اس طرف نہیں جائیں گے، ملک درست معاشی سمت میں چل پڑا ہے، ہم نے دنیا میں تیل کی زیادہ قیمت کے باوجود درآمدات کم کی ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر کو کم نہیں ہونے دیا، قطر نے ایل این جی، شمسی توانائی، ٹرمینلز کی تنصیب اور اداروں کی کارکردگی کو موثر بنانے میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم کا ظاہر کیا ہے، متحدہ عرب امارات نے بھی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے، آئل ریفائنری میں بھی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے ملک کی معیشت کو استحکام حاصل ہو گا، سرمایہ کاری، معاشی وسائل میں اضافہ اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرکے ملک کو پائوں پر کھڑا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں