بیجنگ (نمائندہ خصوصی)چینی اداروں کی جانب سے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے فنڈز دیے گئے ہیں ۔اس حوالے سے ایک تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔
جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق کراچی میں چین کے قونصل جنرل لی بی جیان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں سیلابی صورتحال کے فوراً بعد ، چینی حکومت اور پاکستان میں فعال چینی اداروں نے سیلاب اور آفات سے نمٹنے میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کی ہے،جو چین اور پاکستان کے درمیان گہری دوستی کی عکاسی ہے۔ امید ہے کہ پاکستانی عوام جلد از جلد اس آفت پر قابو پالیں گے اور معمولات زندگی جلد بحال ہوں گے۔
بلوچستان کی صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر فیصل نسیم نے اپنے خطاب میں چین کی حکومت اور عوام کا سیلاب سے نمٹنے میں پاکستان کی زبردست مدد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔