لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ جو معیشت آج سے 4 ماہ قبل 6 فیصد کی رفتار سے ترقی کر رہی تھی اب اس کی معاشی ترقی کی شرح کو آئی ایم ایف نے اڑھائی فیصد کم کر دیا ہے،تازہ ترین اعدادوشمار آنے کے بعد یہ شرح منفی میں جانے کا امکان ہے،امپورٹڈ ٹولے کی صورت میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
اپنے بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا امپورٹڈ حکومت نے سیلاب کی مشکل ترین صورتحال کے باوجود آئی ایم ایف کی کٹھن شرائط مان لی ہیں،جو لوگ آج سیلاب میں گھرے ہوئے ہیں وہ اتنی مہنگائی کیسے برداشت کریں گے؟۔ انہوںنے کہا کہ شریف خاندان بھگوڑوں کا خاندان ہے،نواز شریف ملک تک واپس آنے کی ہمت نہیں رکھتا اور اپنی نااہلی ختم کروانے کے لیے بھی کسی دوسری طرف امید بھری نگاہوں سے دیکھ رہا ہے ۔
شریف خاندان میں واضح پھوٹ پڑ چکی ہے جس کے واضح اشارے ملنا شروع ہو گئے ہیں، شہباز شریف خود اپنے بھائی کی وطن واپسی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور اس کی وجوہات کیا ہیں قوم اچھی طرح جانتی ہے۔وہ دن گئے جب یہ دعوی کرتے تھے کہ ہم بجلی کے پول کو بھی ٹکٹ دیں تو وہ جیت جائے گا ۔