دبئی (گلف آن لائن)ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کوپاکستان کے بعد سری لنکا نے بھی6 وکٹوں سے شکست دیدی جس کے بعد سری لنکن ٹیم کی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار ہوگئی ،بھارت نے روہٹ شرما کے72رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 173رنز بنائے، سری لنکا نے بھارت کا 174 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا،کوشل میڈس 57 رنز بناکر نمایاں رہے،سری لنکا کی جانب سے دلشان مادوشنکا نے 3، کرونارتنے اور کپتان داسن شانکا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں،داسن شانکا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شانکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
بھارت نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو دوسرے اوور میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر کے ایل راہون 7 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 6 رنز بنا کر تھیکشانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اس کے بعد روہت شرما اور ویرات کوہلی نے اننگز آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم مادوشانکا نے اسٹار بلے باز کوہلی کی وکٹیں اڑا دیں۔سری لنکا کے بلے بازوں نے بھارت کو تیسرے اوور میں ہی بھاری نقصان پہنچایا، کوہلی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔روہت شرما اور سوریہ کمار یادیو نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 58 گیندوں پر 97 رنز بنائے اور ٹیم کو اچھی پوزیشن پر لے آئے۔بھارتی کپتان نے اس شراکت کے دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم جب ٹیم کا اسکور 13 ویں اوور میں 110 رنز پر پہنچا تھا تو وہ 72 رنز کی اننگز کھیل کر کارونارتنے کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز سوریہ کمار تھے، جنہوں نے 34 رنز بنائے اور 119 کے اسکور پر شناکا کی وکٹ بنے۔ہارڈک پانڈیا اور ریشبھ پانٹ نے اسکور 18 ویں اوور میں 149 تک پہنچایا کہ شناکا نے سری لنکا کو ایک اور وکٹ دلائی، اس مرتبہ خطرناک بلے باز پانڈیا کو آؤٹ کیا۔پانڈیا نے ایک چھکے کی مدد سے 17 رنز بنائے جس کے بعد دیپک ہودا 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پانٹ کی 17 رنز کی اننگز 158 کے مجموعے پر اختتام پذیر ہوئی۔ایشون نے 7 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 15 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 173 رنزتک پہنچایا اور اس طرح بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 173 رنز بنائے۔سری لنکا کے شناکا نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، چمیکا کارونا رتنے اور داسن شناکا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے اوپنرز پاتھم نیسانکا اور کوشل مینڈس نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 11 اوورز میں 97 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
پاتھم شناکا 52 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، انہوں نے 37 گیندوں کا سامنا کرکے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52رنز بنائے اور نئے بلے باز چاریتھ اسالینکا صفر پر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی تیسری وکٹ 110 کے اسکور پر گری جب دانوشکا گونتھیلاکا ایک رن کا اضافہ کرکے ایشون کو وکٹ دے بیٹھے۔کوشل مینڈس آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھا جنہوں نے 37 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے شان دار 57 رنز بنائے۔بھانوکا راجاپکسا اور کپتان داسن شناکا نے 64 رنز کی ذمہ دارانہ شراکت قائم کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی اور میچ اپنے نام کرلیا۔سری لنکا نے آخری اوور کی پانچویں گیند میں 4 وکٹوں پر 174 رنز بنا کر 6 وکٹوں سے میچ جیت کر فائنل میں پہنچنے کے امکانات واضح کرلیے۔بھارت کی جانب سے یوزویندرا چاہل نے 3 اور ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ بھارت نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے روی ایشون کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔