عدیل بھٹہ

بجلی مزید4روپے 34پیسے فی یونٹ مہنگی عوام پر69ارب کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا’عدیل بھٹہ

لاہور( گلف آن لائن ) صنعتکار رہنماچیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور چوہدری محمد عدیل بھٹہ نے کہا ہے کہ بجلی مہنگی کرکے عوام پر 69ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا اور اس کا سب سے بوجھ صنعتی شعبہ پر پڑے گا ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی،سید عباس احسن وائس چیئرمین کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے فی یونٹ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے اور اس میںدسمبر تک مزید اضافے کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے ایسی صورتحال میں مہنگی بجلی کے بعد فیول ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ عوام پر بوجھ ہے بجلی مہنگی ہونے سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ اور اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے ملک میں مہنگائی کی شرح45فیصد کی تاریخی سطح کو عبو ر کررہی ہے ،

بجلی مہنگی ہونے سے صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے اس لیے فیول ایڈجسٹمنٹ و سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ عدالتوں نے بھی اس کا نوٹس لیا ہوا ہے اور لاہور چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز و ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور کی مشترکہ دائر درخواست پرلاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے نیپرا کو جوا ب داخل کروانے کیلئے15ستمبر تک مہلت دے دی ہے ۔عدالت نے درخواست گذاروں کی حد تک فیول ایڈجسٹمنٹ کی وصولی تاحکم ثانی روک دی ۔

لاہور چیمبرز آ ف کامرس و انڈسٹر اور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کی مشترکہ درخواست میںفیول ایڈجسٹمنٹ کے میکانزم ،اور ریکوری کے میکانزم کے طریقہ کار کو چیلنج کیا گیا ہے۔چوہدری عدیل بھٹہ نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافوں کے باعث انڈسٹریز کے لیے بلوں کی ادائیگی انتہائی مشکل ہوتی جارہی ہے اور متعدد انڈسٹریز بند ہورہی ہیں اس لیے حکومت فی الفور بجلی کی بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ و دیگر ناجائز ٹیکسوں کو ختم کرے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں