وزیر اعظم

وزیر اعظم کی ترکیہ کے صدر سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

ثمر قند(گلف آن لائن)روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر ترکیہ اور پاکستان نے اتفاق کیا ہے ۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

صدر ایردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو میں کہاکہ روس، قزاخستان اور ازبکستان میں کسی حد تک گیس پائپ لائن کے لئے بنیادی ڈھانچہ پہلے سے موجود ہے ۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، گیس کی فراہمی سمیت لارج سکیل منصوبوں کے امکانات اور عملدرآمد پر اہم اتفاق رائے پایا گیا ۔ صدر ایردوان نے کہاکہ جنوب مشرقی ایشیاء اور مجموعی طور پر ایشیاء میں پاکستان کو اپنا ترجیحی شراکت دار تصور کرتے ہیں۔ صدر ایردوان نے کہاکہ نہایت مثبت انداز میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں جس پر ہمیں بے حد خوشی ہے۔

صدر ایردوان نے کہاکہ آپ سے مل کر بڑی خوشی ہو رہی ہے۔ آپ کے بڑے بھائی (نوازشریف) کے ساتھ امور کار انجام دینے کی اچھی یادیں وابستہ ہیں جن سے قزاخستان اور باشکیریا، روس میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر میری ملاقات ہوئی تھی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے کورونا وبا کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ متاثر ہوا ہے تاہم خزاں کے مہینے میں بین الحکومتی کمشن کا اجلاس کراچی میں ہونے جا رہا ہے۔ صدر ایردوان نے کہاکہ ہم جنوب مشرقی ایشیاء اور مجموعی طور پر ایشیاء میں پاکستان کو اپنا ترجیحی شراکت دار تصور کرتے ہیں،نہایت مثبت انداز میں ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں جس پر ہمیں بے حد خوشی ہے۔ ترکیہ کے صدر نے کہاکہ ایسے امور ہیں جن پر ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ کئی شعبوں ہیں جن میں ہماری نظر میں امکانات بہت اچھے ہیں۔ ان میں ریلوے ٹرانسپورٹیشن اور توانائی شامل ہے۔ انہوںنے کہاکہ بڑے اور دلچسپ ترقیاتی منصوبے ہیں جن میں ‘پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی ترسیل کے لئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں یہ منصوبہ اہم ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی ہے،اس ضمن میں اہم بات یہ ہے کہ روس، قزاخستان اور ازبکستان میں کسی حد تک اس پائپ لائن کے لئے بنیادی ڈھانچہ پہلے سے موجود ہے۔ صدر ایردوآن نے کہا کہ ہم بہت سارے دیگر دلچسپ منصوبوں پر عملدرآمد کر سکتے ہیں۔

اس مقصد کے حصول کے لئے ہم مثبت جذبے اور عزم کے ساتھ حتی المقدور کام کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ترکیہ کی فراخ دلانہ مدد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صدر ایردوان کے لئے خیرسگالی کے پرجوش جذبات کا اظہار کرتے ہوئے گیس کی فراہمی، توانائی، ریلوے اور تجارت سمیت بڑے منصوبوں کے حوالے سے صدر ایردوان کی سوچ کا خیرمقدم کیا اور مل کر آگے بڑھنے کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں