کراچی(گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ کوئی یہ کیسے سوچ سکتا ہے ہم نے شاہین شاہ آفریدی کو تنہا چھوڑ دیا، ہوسکتا ہے جلد بازی میں چند چیزیں کلیئر ہونے سے رہ گئی ہوں۔سوشل میڈیا پر مداحوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پی سی بی انٹرنیشنل پلیئرز کے ساتھ ڈومیسٹک پلیئرز کا بھی خیال رکھتا ہے۔رمیز راجا نے کہا کہ پاکستان کی فتوحات کی بڑی وجہ ہماری مضبوط اوپننگ جوڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم ایک پلان کے تحت چل رہی ہے، اس پلان سے مڈل آرڈر پر دباو آتا ہے تاہم ٹیم اسی پلان سے فتوحات حاصل کرتی آرہی ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے پاس دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں، پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین فاسٹ بولنگ ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ کھلاڑیوں کی وجہ سے ایک نئی امید جاگی ہے، آج کل ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے، میرے خیال سے کرکٹ میں فٹبال کی طرح سائیڈلائن سے گیم کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی کھلاڑی خود اسمارٹ نہیں ہوگا، کامیاب ہونا مشکل ہے۔ میں چاہوں گا کہ کھلاڑی خود اپنا ذہن استعمال کریں، ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کریں لیکن وہ ہی سب کچھ نہیں ہونا چاہیے۔رمیز راجہ نے کہا کہ آصف علی نے مشکل مواقع پر پاکستان کو یادگار فتوحات دلوائی ہیں، اسے ایک خاص رول دیا ہوا ہے، میرے خیال سے ان کے کردار کو مزید بہتر کرنا چاہیے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کپتان جن کھلاڑیوں کو میچ ونر سمجھتا ہے تو ہمیں اس کو قبول کرنا چاہیے، میں نے خود کپتان کے حوصلے کے باعث کئی آدھے پلیئر کو مکمل پلیئر بنتے دیکھا ہے۔رمیز راجہ نے کہا کہ اس ٹیم نے گزشتہ 12 مہینوں میں جو کارکردگی دکھائی ہے وہ بہترین ہے۔