لاہور(گلف آن لائن) سینئر صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے مقامی ہوٹل میں انجینئرنگ کونسل کے زیرا ہتمام انجینئرنگ کپسٹون ایکسپو 2022 میں شرکت کی اورایکسپو میں لگائے گئے سٹالوں کا معائنہ کیا اور طلبا کے تخلیقی کام کو سراہا۔ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔انجینئرنگ کونسل نے ایکسپو کا اہتمام کر کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔
ایسی نمائشیں پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی لگنی چاہیں۔ایکسپو میں ملک کی 45یونیورسٹیوں نے حصہ لیا ہے، منتظمین کو ایکسپوکے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔اس موقع پر چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر نجیب ہارون، وائس چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد خان،ایم پی اے ثانیہ کامران، چیئرمین پاکستان ہائرایجوکیشن کمیشن شاہد منیر، ڈپٹی رجسٹرار واصف ارشد بھٹی،مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر اور طلبا کی کثیر تعداد ایکسپو میں موجود تھی۔سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے مقامی ہوٹل میں ایکسپو کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکست خوردہ ذہنیت سرکاری ٹی وی پر بیٹھ کر عوام کے حقیقی لیڈر عمران خان کے خلاف غلیظ زبان استعمال کر رہی ہے۔ نون لیگ زیر ہوچکی اس لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں پر دہشتگردی کے مقدمے بنانے والوں کی باری آئی تو اب کیوں چیخ و پکار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مقبول ترین لیڈر کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے والے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی سیاست سے عمران خان کو مائنس کر نے کی سوچ رکھنے والے خود مائنس ہوچکے ہیں۔سینئر صوبائی وزیرنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے پی ڈی ایم کو ہر محاذ پر شکست دی ہے۔سیاسی میدان میں ناکامی پر پی ڈی ایم گند اچھال رہی ہے۔نون لیگ نے ہمیشہ گندی سیاست کی ہے،اس کی سیاسی موت ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شکست دیکھ کر گندی حرکت کرنے والوں کو خمیازہ بھی بھگتنا پڑے گا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے علاوہ عالم اسلام اور دنیا کے لئے بہترین خدمات سرانجام دی ہیں۔اقوام متحدہ میں جس طرح انہوں نے امت مسلم کی نمائندگی کی اس کی مثال نہیں ملتی۔ایسے مقبول لیڈر کو مائنس کرنے کی سوچ رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔