مرید کے(گلف آن لائن)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے مطالبہ کیا ہے کہ ماں بننے کے بعد کھیل جاری رکھنے والی کھلاڑیوں کی کھل کر حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں اعتماد ملے۔ایک انٹرویومیں بسمہ معروف نے کہا کہ ماں بننے کے بعد جتنی سپورٹ ملی سوچا بھی نہیں تھا، بیٹی فاطمہ ایک برس کی ہو گئی ہے، وقت کیسے گزرا پتہ ہی نہیں چلا، اب وہ کرکٹ فیملی کا حصہ ہے۔ بسمہ معروف نے کہا کہ میں اپنی والدہ کو 100 فیصد کریڈٹ دوں گی جنہوں نے یہ سب ممکن بنایا اور مجھے ریلیکس رکھا، وہ میرے ساتھ ہوتی ہیں تو میں بیٹی کو ان کے پاس چھوڑ کر ریلیکس ہو جاتی ہوں اور پھر ساری توجہ میدان پر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماں بننے کے بعد کھیلنے کا مقصد پیغام دینا تھا کہ ہر چیز ممکن ہے، ہمت نہیں ہارنی چاہیے اور کچھ چھوڑنا نہیں چاہیے تاہم اس کے لیے سپورٹ کی ضرورت ہے، میری شوہر اور سسرال والوں نے ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے، شاید اسی وجہ سے میرے لیے ممکن ہوا ہے۔
بسمہ نے کہا کہ میرا پیغام یہی ہے کہ ماں بننے والی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں، شادی اور ماں بننے والی کھلاڑیوں کی کھل کر مزید سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ کئی لڑکیاں شادی یا ماں بننے کے بعد کھیل چھوڑ دیتی ہیں لیکن میں چاہتی ہوں کہ انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات دیں تاکہ انہیں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے اور سب سے بڑھ کر انہیں اعتماد دیں تاکہ وہ کھیل چھوڑ کر نہ جائیں۔