ہمایوں اختر خان

سڑکوں پر آنا ثابت کرتا ہے اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے’ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی کال پر عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر کا سڑکوں پر آنا ثبوت ہے کہ اب لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے ،کسانوں، مزدورں، تاجر وں سمیت ہر طبقہ مہنگائی کے خلاف دوہائیاںدے رہاہے لیکن وفاق میں بیٹھے حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں، اب ہر شخص کی زبان پر ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک میں جتنی جلد ی ممکن ہو سکے فوری اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے121میں پارٹی رہنمائوں اور اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان سے کلیم اللہ،اسرار بٹ،ملک شوکت،ڈاکٹر محمد حسین،شاہد اقبال، انیس خان سمیت دیگر نے ملاقات کرکے حلقے کی سیاسی صورتحال اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی جیسے فورم پر اپنا مقدمہ بھرپور طریقے سے پیش نہیں کر سکا جبکہ اس کے برعکس عمران خان نے اسی فورم پر پوری دنیا کے سامنے حرمت رسول ۖکے لئے جرات اور بہادری کے ساتھ بات کی جس پر صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ نے عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوںنے کہا کہ ہم بر ملا کہہ رہے ہیں کہ اس معیشت کو سنبھالنا پی ڈی ایم جماعتوں کی بس کی بات نہیں ،معیشت کی درستگی ٹھوس معاشی پالیسیوں سے ممکن ہے اور موجودہ کمزور حکومت کے پاس اس کا وژن ہی نہیں ۔

انہوںنے کہا کہ انشا اللہ تحریک انصاف 2018ء سے بڑھ کر کامیابی حاصل کرے گی ، عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کے علاوہ دیگر صوبوں میں بھی پیش قدمی کرے گی اور کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے کورونا جیسی عالمی وباء کے دوران پاکستان کی معیشت کو سنبھالا اور موجودہ حالات میں معیشت کو جس نہج پر پہنچا دیا گیا ہے عمران خان جیسا لیڈر ہی اسے سدھارنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں