لاہور( کامرس ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں سے صرف ٹیکسز اکٹھے کرنے پر توانائیاں لگانے کی بجائے ان کے دیرینہ مسائل کو بھی حل کرے ،مختلف مارکیٹوں میں تجاوزات اور پارکنگ کیلئے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں انار کلی سمیت دیگر تجارتی مراکز کے تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ بارہا مطالبہ کر چکے ہیں کہ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے تاجر تنظیموں اور محکموں کے درمیان روابط کیلئے فوکل پرسنز مقر رکئے جائیں لیکن ہماری تجویز کی شنوائی نہیں ہو سکی ۔ انہوں نے کہا کہ تاجرملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن انہیں نظر انداز کیا جاتا ہے ۔
حکومت کی جانب سے متعدد بار تجاوزات کے خلاف آپریشن کے اعلانات کئے گئے لیکن انہیں موثر نہیں بنایا جاسکا ۔ پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے منصوبے بھی فائلوں میں دب کر رہ گئے ہیں ۔