لاہور (گلف آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل رائونڈر شاہد آفریدی نے اپنی ساری توجہ نوجوان کرکٹرز کی کوچنگ پر مرکوز کر لی ، وہ اس وقت پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم مردان وارئیرز کے مینٹور ہیں۔تفصیلات کے مطابق میچ سے قبل شاہد آفریدی کھلاڑیوں کے ساتھ انفرادی طور پر کام کرتے ہیں ، وہ نوجوان بیٹرز کو سنگلز ڈبلز اور پاور ہٹنگ کے گر بتاتے ہیں جبکہ وہ روزانہ ایک الگ الگ کرکٹر کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
لالہ بیٹرز کو ہر طرح کی شاٹس کھیلنا سکھاتے ہیں اور دوسری ٹیموں کے بھی لیگ اسپنرز کو مشورے دیتے ہیں۔اس حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے ساتھ کام کر کے بہت اچھا لگ رہا ہے، یہی سطح ہے جہاں ہم سب کو کام کرنا ہے ، بہت اچھا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے ، میں بہت متاثر ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ان نوجوان کرکٹرز کو ضائع نہیں ہونے دینا ، اس لیے انہیں وقت دیتا ہوں، مردان وارئیرز کے نوجوان فاسٹ بولرز نے بھی بہت متاثر کیا ہے۔