خوراک

درآمدات میں کمی کے ذریعے تجارتی خسارہ کم کرنے کی کوششیں کامیاب

لاہور( گلف آن لائن)وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا ستمبر مجموعی درآمدات میں 12.37فیصد کمی آئی۔ درآمدات کا حجم 18 ارب 71 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 16 ارب 40 کروڑ ڈالر پر آگیا۔رپورٹ کے مطابق موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 35 ارب 90 کروڑ روپے کے موبائل فون اور 62 ارب روپے سے زیادہ مالیت کی گاڑیاں درآمد کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر ایک ارب 76 کروڑ 91 لاکھ ڈالر کی مشینری درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں 2 ارب 84 کروڑ ڈالر کی مشینری درآمد ہوئی تھی۔موبائل فون 67 فیصد، گاڑیوں کی درآمد ات80فیصد تک گر گئی ہے اور جولائی تا ستمبر 16 کروڑ ڈالر یعنی 35 ارب 90 کروڑ کے موبائل درآمد ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 49 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کئے گئے تھے۔

مالی سال کے پہلے تین ماہ میں 27 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی گاڑیاں درآمد کی گئیں۔ پاکستانی کرنسی میں گاڑیوں کی مالیت 62 ارب روپے سے زیادہ ہے۔ گزشتہ سال ابتدائی تین ماہ میں 40 کروڑ 73 لاکھ ڈالر کی گاڑیاں بیرون ملک سے منگوائی گئی تھیں۔رپورٹ کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 0.4 فیصد کی کمی ہوئی تاہم اگست 2021 کی نسبت اگست 2022 میں صنعتی پیداوار 0.6 فیصد بڑھی ہے۔دوماہ میں ٹیکسٹائل، گاڑیوں، خوراک، مشروبات، تمباکو اور ادویہ سازی کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے، جبکہ کمپیوٹر، الیکٹرانکس، آپٹیل مصنوعات اور ربڑ مصنوعات کی پیداوار میں بھی کمی ہوئی ہے۔

جولائی سے اگست میں ملبوسات، لیدراور اسٹیل سمیت 8 شعبوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، ملبوسات میں 60.9 فیصد، لیدر مصنوعات میں 11.5 فیصد اور کیمیکلز کی پیداوار میں 2.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق دو ماہ کے دوران لوہے اور اسٹیل کی پیداوار میں 11.7 فیصد، فٹبال کی پیداوار میں 53 فیصد، فرنیچر کی پیداوار 174 فیصد اور جولائی سے اگست پیپر بورڈ کی پیداوار میں بھی 6.6 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں