وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی

عالمی برادری یوکرائن کی طرح کشمیریوں کے حق میں بھی آواز بلند کرے’چودھری پرویز الٰہی

لاہور ( گلف آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا یوم سیاہ انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب ہے، کشمیری عوام انتظار کررہے ہیں کہ عالمی برادری مسئلہ یوکرائن کی طرح ان کے حق میں بھی آواز بلند کرے۔

وزیراعلی پرویز الٰہی نے کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27اکتوبر کو بھارت نے بغیر کسی قانونی جواز کے ریاست جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا۔انہوں نے کہا کہ 75سال گزرنے کے بعد بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہیں، مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بین الاقوامی برادری کی جانب سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ عالمی برادری کی تنازع کشمیر پر خاموشی معنی خیز اور مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے، کشمیری انتظار کررہے ہیں کہ مسئلہ یوکرائن کی طرح ان کے حق میں بھی آواز بلند کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں