لاہور(نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمدنے کہا ہے کہ عمران خان کا لانگ مارچ ملک کے خلاف سازش ہے جبکہ معصوم نوجوانوں کے ذہنوں سے کھیلنے والااپنے مذموم ایجنڈے و مقاصد کی تکمیل کیلئے خونی مارچ کرنے جارہا ہے لہٰذا قوم اس سے ہوشیار رہے اور اس کا نام نہاد لانگ مارچ مسترد کردے۔ شام راجے والا فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سرٹیفائیڈ جھوٹا اور کرپٹ آدمی ہے جس کی کرپشن اور لوٹ مار و خود ساختہ حب الوطنی الیکشن کمیشن نے سب کے سامنے آشکار کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات کو عمران خان مقتدر لوگوں کے آگے ہاتھ باندھتا، بیک ڈور رابطوں کے ذریعے این آر او مانگتا، مزید کرپشن بے نقاب ہونے کے خوف سے منتیں کرتا ہے مگر دن میں آنکھیں دکھاتا ہے لیکن اب لوگ ریاست مدینہ کا نام لیکر عوام کو بیوقوف بنانے والے اس بہروپئے سے اچھی طرح واقف ہوگئے ہیں اور وہ مزید اس کی کسی چال میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے انتہائی قریبی ساتھی فیصل واوڈا نے گزشتہ رات سب واضح کردیاکہ کون کیا کیا سازش کررہا ہے اسلئے وہ اپنے نوجوان بچوں اور بچیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بندے سے بچیں اور اس کے آلہ کار نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی ادارے کا احترام نہیں کرتایہی وجہ ہے کہ اس نے ہر ادارے کی ساکھ داؤ پر لگادی ہے جس سے پوری دنیا میں پاکستان کا وقار مجروح ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ فیصل آبادیوں سمیت پوری قوم سے گزارش کرتے ہیں کہ کوئی اس کے لانگ مارچ میں شامل ہوکر اس نااہل کو تحفظ فراہم نہ کرے۔
راجہ ریاض نے کہا کہ عمران خان نے چار سال عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا بلکہ ساری توجہ اپنے ساتھیوں کے ذریعے ملکی اثاثے لوٹنے پر مرکوز رکھی اور توشہ خانے تک کو بھی نہیں چھوڑا لیکن جس طرح اس کا یوم حساب آن پہنچا ہے اسی طرح اس کے ساتھ کرپشن میں شامل باقی افراد کو بھی حساب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معصوم نوجوان اس کے ہاتھوں میں کھلونا بن کر ملک کے اداروں کے خلاف استعمال ہورہے ہیں مگر اس کے اپنے بچے برطانیہ میں موجیں کر رہے ہیں اسلئے اگر اس نے لانگ مارچ کرنا ہے تو پہلے اپنے بچوں سلیمان اور قاسم کو بھی بلائے پھر ہمارے بچوں کو ورغلائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے اداروں کا دشمن ہے اور جو بے پناہ قربانیاں دینے والوں سے دشمنی کرے وہ کسی صورت ملک و قوم کا خیر خواہ نہیں ہوسکتا۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ انہوں نے 3 سال پہلے عمران خان کے بارے میں جو باتیں کہی تھیں آج سب سے بڑے ادارے نے اس کی تصدیق کردی ہے جس سے اس کی دوغلی پالیسی عیاں ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب اندر کے آدمی فیصل واوڈا نے کھل کر اس کے بارے میں بتا دیاہے تو اب مزید کچھ کہنے سننے کی گنجائش باقی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس نے اپنے اقتدار کی ڈوبتی کشتی بچانے کیلئے سائفرکی کہانی گھڑی اوراس کے بارے میں بھی سیاست کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان میں بہت تکبر ہے لیکن تکبر اللہ کو پسند نہیں۔
راجہ ریاض نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ میں چاہتا ہے کہ لاشیں گریں تاکہ اگر اس کی حکومت نہیں رہی تو اس حکومت کیلئے بھی مشکلات پیدا ہوں اور ملکی سلامتی داؤ پر لگے اسلئے محب وطن لوگ اس کے لانگ مارچ میں شرکت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس نے 4 سال میں نہ صرف اس ملک کو لوٹابلکہ اس کی جڑیں بھی کھوکھلی کرنے کی کوشش کی اور اسے دیوالیہ کی حد تک پہنچادیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ موجودہ حکومت کی دن رات ان تھک محنت، جدوجہد اور کوشش سمیت ہمارے عسکری اداروں کی قربانیوں سے پاکستان گرے لسٹ سے نکل گیامگر یہ اب پھر ملک میں لانگ مارچ کرکے ایک سازش کے تحت ملک میں انارکی، انتشار اور افرا تفری پھیلانا چاہتا ہے جس کی اسے کسی صورت اجازت نہیں ہونی چاہیے۔راجہ ریاض احمد نے کہا کہ اس نے سیلاب میں کوئی حصہ نہیں ڈالابلکہ جلسے کرتا رہا،الیکشن الیکشن کھیلتا اور بچوں سے حلف لیتا رہایہی نہیں بلکہ یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے مگر لوگ جانتے ہیں کہ یہ ملک کا دشمن اوردو نمبر آدمی ہے جو اسلامی ٹچ کی آڑ میں ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کرنا چاہتا ہے جسے عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم ملک کے اداروں کو مضبوط کرے کیونکہ پاکستان ہے تو سب کچھ ہے ورنہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں سے پوچھیں کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس شخص کے جھانسے میں آکر پی ٹی آئی میں گئے لیکن جب انہوں نے اس کا اصل چہرہ پہچان لیااور یہ جان لیا کہ اس کادوہرا چہرہ ہے تو انہوں نے اس سے کنارہ کشی اختیار کرلی یہی نہیں بلکہ لوگوں کی بڑی تعداد ہے جو اس کو چھوڑ رہی ہے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کے خلاف صرف جوڈیشل کمیشن ہی نہ بنایا جا ئے بلکہ اسے کم سے کم ٹائم لمٹ بھی دی جا ئے تاکہ جلد از جلد اس قتل کے اصل محرکات قوم کے سامنے آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کی آڑ میں اپنے کارکنوں کو مروائے گااسلئے کسی جتھے کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ ریاست کو نقصان پہنچائے لہٰذا حکومت اورملکی سلامتی کے تمام اداروں کواس سے کوئی رعایت نہیں برتنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں لیکن عمران خان کا مقصد ہے کہ لانگ مارچ کے دوران خون گرے اور اس کی دوبارہ حکومت آئے مگر اسے اس سازش میں بری طرح ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔