گوجرانوالہ /لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور سابق وزیراعظم عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے ،کارکنوں نے ملزم کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا ۔ جمعرات کو سابق وزیراعظم عمران خان کا مارچ گزر رہا تھا کہ اللہ والا چوک میں پاکستان تحریک انصاف کے کیمپ کے قریب ایک شخص نے کنٹینر کے قریب آکر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص معظم گوندل جاںبحق اور سابق وزیراعظم عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت آٹھ زخمی ہوگئے ۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے دور ان بھگدڑ میچ گئی جسکے نتیجے میں بھی کئی افراد زخمی ہوئے ۔ اس موقع پر موجود پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملزم کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اورپولیس کے حوالے کر دیا ، پولیس نے حملہ آور کے پاس اسلحہ بھی اپنے قبضے میں لے لیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کا نام فیصل بٹ ہے، حملہ آور نے برسٹ فائر کیا ۔ اس دور ان سیکیورٹی اہلکاروں نے عمران خان کو کنٹینر کے اندر فوراً نیچے محفوظ جگہ پر منتقل کیا اور کنٹینر سے اعلان کیا گیا کہ عمران خان کی ٹانگ میں گولی لگی ہے تاہم وہ محفوظ ہیں بعدازاں سکیورٹی اہلکاروںنے عمران خان کو کنٹینر سے نکال کر فوراً بلٹ پروف گاڑی میں نامعلوم مقام پر طبی امداد کیلئے منتقل کر دیا ۔ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ چلایا پھر ایک گولی چلائی، حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔ دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ گوجرانولہ، اللہ والا چوک میں فائرنگ کے واقعہ فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی مذمت کی ہے ،وزیراعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ کے دوران ٹانگ میں گولی لگنے کی وجہ سے عمران خان زخمی ہیں اور یہ ٹارگٹڈ حملہ ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان سمیت عمر چٹھہ اور فیصل جاوید بھی زخمی ہیں۔فواد چوہدری نے بتایا کہ سینیٹر فیصل جاوید،عمرڈار،احمد چھٹہ کوبھی گولیاں لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی پہلاموقع نہیں جب لیڈرکوماردیاجاتاہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے نے عمران خان کا نشانہ لیا تھا، ہم سب نے ان کے سامنے کھڑے ہو کر ان کی جان بچائی۔پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر بیان کیمطابق سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان سمیت تمام رہنما خیریت سے ہیں لیکن کچھ ساتھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف رہنما اور سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ میں نے گزشتہ رات احمد چٹھہ کو فون پر بتایا تھا کہ وزیرآباد میں خان پر قاتلانہ حملہ ہوگا سو قاتلانہ حملہ ہوگیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ حملہ میں ایک کارکن جاں بحق اور ہمارے چار لیڈر زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ تمہی نے چھیڑ دیا موت و زندگی کا سوال اب اس سوال کے زندہ جواب اْبھریں گے۔
دریں اثناء پاکستان تحریک کے مرکزی رہنما فرخ حبیب نے فائرنگ کے واقعہ میں عمران خان کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فرخ حبیب نے کہا کہ بزدلوں نے اپنی اوقات دکھا دی ہے، عمران خان صاحب زخمی ہیں، اللہ تعالی ان کو محفوظ رکھے اور پوری قوم عمران خان کی زندگی کے لیے دعا کرے۔سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ عمران خان کو بائیں ٹانگ میں تین گولیاں لگی ہیں۔