بینکاک (نمائندہ خصوصی)چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے بنکاک تھائی لینڈ میں فلپائن کے صدر فرڈینینڈ رومالڈیز مارکوس سے ملاقات کی ہے۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ چین ہمیشہ چین۔ فلپائن تعلقات کو تزویراتی اعتبار سے دیکھتا ہے۔ فریقین تعاون کو بہتر بناتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچائیں۔
انہوں نےزور دیا کہ فریقین کو بحیرہ جنوبی چین کے مسئلے کے حوالے سے دوستانہ مذاکرات کرنے چاہیئں تاکہ اختلافات سے بہتر طور پر نمٹا جاسکے۔چین اور فلپائن اپنی اپنی حکمتِ عملیوں پر عمل پیرا رہتے ہوئے امن، کھلے پن اور شراکت داری کے اصولوں پر گامزن رہیں۔دونوں ممالک کو مل کر یک طرفہ پسندی اورتسلط پسندی کی مخالفت کرنی چاہیے اور علاقائی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے عدل و انصاف نیز علاقائی امن و استحکام کا تحفظ کرنا چاہیئے۔
مارکوس نے ایک مرتبہ پھر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بیسویں قومی کانگریس کے انعقاد اور شی جن پھنگ کو سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ یہ نہ صرف مستقبل میں چین کی ترقی کو مستحکم بنائے گا بلکہ خطے اور ساری دنیا کے لئے فائدہ مند ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بحیرہ جنوبی چین کے مسئلے پر فریقین مزید بات چیت کر سکتے ہیں۔ فلپائن ایک چین کی پالیسی، امن کے اصول اور آزاد سفارتی پالیسی پر گامزن رہے گا۔ فلپائن چین کے ساتھ تیل اور گیس کے وسائل تلاش کرنے کے حوالے سے فعال بات چیت کا خواہاں ہے۔