لاہو ر(گلف آن لائن) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی کا کھیلوں کے فروغ کے لئے احسن اقدام، وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے کالجز میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور کالجز کو مالی خود مختاری کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلی کے مشیر عامر سعید راں، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، سیکرٹری ہائرایجوکیشن اور دیگرحکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کالجز میں سپورٹس ٹورنامنٹس کا انعقاد کرایا جائے گا۔ کھیلو ں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔پرنسپل کی اے سی آر کو کالج میں سپورٹس سرگرمیوں کے انعقاد سے مشروط کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں فنڈز کے شفاف استعما ل کے لئے اصلاحات کی جائیں گی۔مقامی یونیورسٹیوں سے کنسلٹنٹ ہائر کرنے کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔
کالجز میں ضروری سہولتو ں کی فراہمی او رعدم دستیاب سہولتوں کی نشاندہی کے لئے آئی ٹی ونگ قائم کیاجائے گا۔ڈائریکٹر کالجز ہر دورے کے بعد کالجوں میں ضروری سہولتو ں کی فراہمی کی عدم موجودگی پر رپورٹ دیں گے۔ہائر ایجوکیشن میں طلبہ کے بہتر مستقبل کے لئے مثبت تبدیلیاں لائیں گے۔ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کیاجائے گا۔کالجز کے تعلیمی سسٹم کو عالمی اداروں کے معیار کے مطابق بنایاجائے گا۔