لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی وخصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں لاکھوں کااجتماع دیکھ کر امپورٹڈ حکومت کوموسم سرما میں بھی پسینہ آ گیا ہے ،تمام اسمبلیوں سے استعفے آنے پر ضمنی انتخابات کرانے کے بیانات صرف گیدڑ بھبھکیاں ہیں ،پاکستان میں کل859نشستوں پر انتخابات ہوتے ہیں جس میں سے563تحریک انصاف کے پاس ہیں ۔ عمران خان کی کال پر اپنی قیادت میں راولپنڈی کے اجتماع میں شرکت کرنے والے حلقے کے کارکنوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلط کیا گیا چوروں کاٹولہ ملک کی خاطر انتخابات کے انعقاد میں تاخیر نہیں کر رہا بلکہ انہیں زمینی حقائق کا پتہ ہے کہ اگر ہم انتخابات میں گئے تو ان کی دوبارہ کبھی اسمبلیوں میں واپسی نہیں ہوسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت گھمبیر مسائل سے دوچار ہے جبکہ ملک کے خیر خواہ بننے والے نواز شریف اپنی فیملی کے ہمراہ سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف قبل از وقت عام انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر طرح سے دبائو بڑھائے گی اور ان شا اللہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے واپس آئے گی ۔