پرتھ ( گلف آن لائن) آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ ہسپتال میں کچھ دیر علاج کرانے کے بعد واپس کرکٹ گرائونڈ پہنچ گئے۔آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز گرائونڈ سے ہی رکی پونٹنگ نے اپنی طبیعت سے متعلق لوگوں کو آگاہ کیا۔رکی پونٹنگ نے کہا کہ کل کافی لوگ گھبراگئے تھے، سچ بتائوں تو میں بھی ڈر گیا تھا۔کمنٹری باکس میں کل مجھے سینے میں دو مرتبہ درد محسوس ہوا جس کے 10سے 15منٹ بعد میں ہسپتال میں تھا جہاں میرا بہترین علاج کیا گیا۔آج بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔اس موقع پر رکی پونٹنگ نے مذاقیہ انداز میں کہا کہ کل برا یہ ہوا کہ میں کرکٹ نہیں دیکھ سکا۔
علاوہ ازیں رکی پونٹنگ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ نئی صبح کے ساتھ میں واپس آ گیا ہوں۔انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ جسٹن لینگر نے میرا خیال رکھا جب میں نے سینے میں درد کا انہیں بتایا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق رکی پونٹنگ کا گزشتہ روز آسٹریلیا ٹیم کے ڈاکٹروں نے موقع پر علاج کیا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق رکی پونٹنگ کے رائل پرتھ ہسپتال میں کچھ ٹیسٹ کیے گئے تھے جس کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز رکی پونٹنگ کو ٹیسٹ میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے دل میں تکلیف محسوس ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔