اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہاہے کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی ختم کرنے میں نیکٹا کاایک کلیدی کردار ہے۔نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاسوفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت ہوا جس میں نیکٹا کی تنظیم سازی اور اسے ایک موثر ادارہ بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پرمشاورت کی گئی ۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی ختم کرنے میں نیکٹا کاایک کلیدی کردار ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ نیکٹا بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کا دوسال تک منعقد نہ ہوناانتہائی افسوسناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی اورانتہاپسندی ایک سنجیدہ معاملہ ہے، ہمیں زیادہ ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ نیکٹا کی اسکے بنیادی احداف اور مقاصد کے حوالے سے تنظیم نو کی جائے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ نیکٹا کی تنظیم نو کے حوالے سے ضروری قانون سازی جلد مکمل کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ نیکٹا کو دہشت گردی اورانتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ایک فعال اور مؤثر اداریکے طور پر ٹرانسفارم کیا جائے ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ حکومت نیکٹا کو تمام مالی وسائل اور فنی اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔