ریا ض(نمائندہ خصوصی)چین کے صدر شی جن پھنگ نے ریاض میں سوڈان کی خودمختار کونسل کے چیئرمین عبدالفتاح عبدالرحمن البرہان سے ملاقات کی۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین اور سوڈان اچھے دوست اور برادر ممالک ہیں جو مشکلات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ چین سوڈان میں ، مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے ملک میں سیاسی منتقلی کو بخوبی آگے بڑھانے کے لیے سوڈان کی تمام جماعتوں کی حمایت کرتا ہےاور سوڈان کے اندرونی معاملات میں بیرونی قوتوں کی مداخلت کی مخالفت کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین بین الاقوامی سطح پر سوڈانی دوستوں کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔
چین دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے ، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی مضبوطی سے حمایت کرنے ، مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو گہرا کرنے اور دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کے استحکام اور طویل مدتی ترقی کو فروغ دینے کے لئے سوڈان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
عبدالفتاح عبدالرحمن البرہان نے کہا کہ چین طویل عرصے سے سوڈان کی قومی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں اس کی بھرپور حمایت کرتا آیا ہے جس کے لیے انہوں نے سوڈانی حکومت اور تمام سوڈانی عوام کی جانب سے صدر شی جن پھنگ اور چینی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ سوڈان، چین کے بنیادی مفادات کے تحفظ اور چین کی جانب سے پیش کردہ تمام اہم اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔سوڈان کو امید ہے کہ سوڈان- چین تعلقات اور عرب ممالک اور چین کے مابین مجموعی تعلقات کو مزید ترقی ملے گی۔