کرسٹیانو رونالڈو

رونالڈو کو اکیلا چھوڑ دینے کا وقت آگیا ہے’ کوچ پرتگال فٹبال ٹیم

دوحہ (نمائندہ خصوصی) پرتگال فٹبال ٹیم کے کوچ فرنانڈو سینٹوز پر ایک بار پھر کرسٹیانو رونالڈو سے متعلق سوالات کی بوچھاڑ کردی گئی۔قطر میں نیوز کانفرنس کے دوران فرنانڈو سینٹوز نے کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو کو اکیلا چھوڑ دینے کا وقت آگیا ہے۔پریس کانفرنس میں فرنانڈو سینٹوز نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ میں کرسٹیانو رونالڈو کو نہ کھلانے سے متعلق بھی تفصیل سے بات کی۔فرنانڈو سینٹوز نے بتایا کہ میچ والے دن کھانے کے بعد رونالڈو سے گفتگو کی اور اسے اپنے آفس بلایا، وہ واضح طور پر فیصلے سے خوش نہیں تھا۔

پرتگال فٹبال ٹیم کے کوچ نے کہا کرسٹیانو رونالڈو نے مجھ سے کہا کہ کیا آپ کو واقعی لگتا ہے کہ یہ اچھا خیال ہے؟، ہماری معمول کی بات چیت ہوئی، میں نے اپنی سوچ کی وضاحت کی جسے رونالڈو نے تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے مجھے کبھی نہیں کہا کہ وہ ٹیم کو چھوڑنا چاہتا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس بارے میں بات کرنا ختم کردیں، ہر نیوز کانفرنس میں 90فیصد سوالات رونالڈو سے متعلق ہوتے ہیں۔

فرنانڈو سینٹوز نے کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ وارم اپ کرنے کا فیصلہ کیا اور ہم نے تمام گولز پر ایک ساتھ جشن بھی منایا۔فرنانڈو سینٹوز نے مزید کہا کہ میچ نہ کھیلنے کے باعث بینچ پر بیٹھنے والا ہر کھلاڑی ناخوش ہوتا ہے۔واضح رہے کہ پرتگال کے ایک اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے ٹیم کے ہیڈکوچ فرنانڈو سینٹوز کے ساتھ گفتگو میں ٹیم کو چھوڑنے پر غور کیا تھا۔یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے اہم میچ میں کپتان رونالڈو کے بغیر ہی میدان میں اترنے والی پرتگال کی ٹیم نے سوئٹزرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے عبرتناک شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں