اسلام آباد (گلف آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی اپنے غیر ملکی ایجنڈے پر عملدرآمد کرتے ہوئے پارلیمانی نظام جمہوریت پر حملے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ اپنے بیان میں نہوںنے کہاکہ خبردار کرتا ہوں کہ عمران نیازی معیشت دشمن ایجنڈے سے باز آ جائے، ملکی سلامتی کو کمزور کرنے کی ہرایک مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو بلیک میل کرنے، دارالحکومت اسلام آباد پر مسلحہ جتھوں کے ذریعے حملہ کرنے اور اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کو نافذ کرنے میں بری طرح ناکامی کے بعدعمران خان اب پارلیمانی نظام جمہوریت پرحملہ آور ہونے پر تلا ہواہے۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمانی نظام جمہوریت، قومی وصوبائی اسمبلیاں اور 1973 کا آئین وہ نظام ہے جس پر ایک مستحکم پاکستان کی بنیاد ہے۔
انہوںنے کہاکہ کسی آئینی اور قانونی جواز کے بغیر محض اپنے مذموم سیاسی مقاصد اور ملک دشمن بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اگر ہم نے ایک مرتبہ حملے کو کامیاب ہونے دیا تو پھر باربار یہ عمل دہرایا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہاکہ پارلیمان میں بیٹھی ہراپوزیشن حصول اقتداراور اپنے سیاسی ایجنڈے کے حصول کیلئے یہ حربہ آزمائے گی جس سے خدشہ ہے کہ پارلیمانی نظام جمہوری اپنے انجام کو پہنچ جائے گا۔انہوکںنے کہاکہ عمران خان نیازی کا پارلیمانی جمہوری نظام پراعتماد کسی سے بھی ڈھکا چھپا نہیں ہے۔
یہ اپنے حصول اقتدار کیلئے کسی بھی غیرآئینی اورغیر جمہوری ہتھکنڈے کو استعمال کرنے سے باز نہیں آئیگا۔انہوںنے کہاکہ ہم پاکستان کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار کرنے کی عمران خان نیازی کی ہر مذموم سازش اور عمل کو جمہوری طریقے سے ناکام بنائیں گے۔