لاہور(گلف آن لائن )گلوکارہ آئمہ بیگ نے کہا ہے کہ ”پیار ہوا تھا ”کو گاتے ہوئے میرے ذہن میں کچھ نہیں تھا ،اچانک کیفی خلیل کا گانا سنا اور سوچا کہ اس گانے کو اپنی آواز میں پیش کروں گی ۔ایک انٹر ویو میں آئمہ بیگ نے کہا کہ ” مجھے پیار ہوا تھا ” صرف ایک گانے کا نام ہے ،مجھے محسوس ہوتا ہے کہ گانے کے بول میری کہانی بیان کر رہے ہیں، مجھے یہ گانا اتنا قریب محسوس ہوا کہ میں نے سوچا کہ میں اس پر ایک کور کردوں ، خوش قسمتی یہ بھی کہ میرے مداحوں کو بھی یہ گانا پسند آگیا۔انہوںنے کہا کہ مجھے بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ میرے گائے گئے گانے کے ساتھ ہی ایک ڈرامے کا ٹائتل بھی یہی رکھا جائے گا یہاں تک کہ مجھے پیار ہوا تھا ڈرامے کا او ایس ٹی بھی وہی ہوگا۔اس گانے کے حوالے سے آئمہ بیگ نے کہا کہ میں اپنے کمرے میں چھپ کرکے کام کرنا چاہ رہی تھی کیونکہ ان دنوں میں اپنے اوریجنل میوزک پر کام کر رہی ہوں۔
لیکن ڈپریشن ایسا کہ دماغ بالکل خالی تھا کہ اسی دوران میں نے یوٹیوب پر کیفی خلیل کا یہ گانا سنا۔ مجھے تعجب ہوا کہ انہوں نے یہ گانا خود لکھا اور آواز بھی اچھی ہے ۔ پھر میں نے اپنی ٹیم سے رابطہ کیا کہ مجھے کیفی سے رابطہ کروادیں ۔ خوش قسمتی سے ایسا ہوگیا تو میں نے کیفی سے پوچھا کہ میں یہ گانا گانا چاہتی ہوں جس پر کیفی نے بہت خوشی سے گانا گانے کی اجازت دے دی۔ کیفی نے کہا کہ میں خود یہ گانا آپ کی آواز میں سننا چاہتا ہوں ،ہمارے جذبات ایک سے تھے ، بس ایک میل ورژن کہہ لیں اور ایک فیمیل ورژن ہے۔
انہوںنے کہاکہ ہم ماضی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھتے ہیں اور جو بھی کچھ ہوتا ہے وہ ایک وجہ سے ہوتا ہے۔ آپ کبھی بھی زندگی کے تلخ تجربات کو بھولتے نہیں ہیں تاہم آپ سخت لمحات کے فیز کو اگر کام میں لے آئیں تو وہ زندگی کا حصہ بھی بن جاتا ہے اور تاریخ بھی۔ اب میں جب جب میں یہ گانا سنوں گی تو مجھے اپنی زندگی کا وہ وقت یاد آئے گا میں ان لمحات کو یاد کرکے مایوس نہیں ہوں گی کیونکہ مجھے خوشی ہے کہ میں ان سخت ترین لمحات کو مثبت انداز میں استعمال کیا۔