لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کے طرف سے ریٹائرمنٹ کے اعلان پر کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں کی طرف خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قومی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آپ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، آپ کی موجودگی میں ڈریسنگ روم کا ماحول بہت بہتر ہوا۔سرفراز احمد نے کہا کہ اظہر علی نے پاکستان کے لئے فاتحانہ اننگز کھیلی ہیں، ان کی خدمات کو کبھی بھولا نہیں جاسکتا۔ہیڈکوچ ثقلین مشتاق نے کہا کہ بڑے بڑے کرکٹرز کے ساتھ کرکٹ کھیلا، ڈریسنگ روم شیئر کیا لیکن اظہر علی جیسے انسان بہت کم دیکھے۔قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر منصور رانا نے کہا کہ اظہر علی کا کریکٹر اور کیرئر بہت شفاف اور بہترین ہے۔دوسری جانب سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ مجھے کسی سے کوئی شکایت نہیں، سب نے بہت عزت دی، پچھلے چھ سات سال میں جتنے نئے کرکٹر آئے سب کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا۔
یاد رہے کہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف کراچی ٹیسٹ ان کے کیرئیر کا آخری ٹیسٹ ہو گا۔ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے اور ان کی آواز بھرا گئی جب کہ اس دوران انہوں نے اپنے سینئر اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔