وزیراعظم شہباز شریف

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بین الاقوامی معیار کی رہائشی سہولتیں فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بین الاقوامی معیار کی رہائشی سہولتیں فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے وفاقی دارالحکومت میں جدید سہولیات سے آراستہ ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کیے جائیں،اس ضمن میں عالمی شہرت کی حامل تعمیراتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔

جمعہ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک مقیمْ پاکستانیوں کے لیے عالمی معیار کی حامل رہائشی سہولتیں تعمیر کرنے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی،کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلدمکمل کیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا انتہائی قابل قدر اثاثہ ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود اور حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سابق ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل، چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں