لاہور (گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے خود کو امپورٹڈ حکومت کی بی ٹیم ثابت کر دیا،عوام سے خوف زدہ پی ڈی ایم کی حکومت انتخابی میدان سے بھاگ رہی ہے۔انہوںنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہ کر کے الیکشن کمیشن نے ایک مرتبہ پھر ظاہر کیا ہے کہ یہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے حامیوں کی بی ٹیم ہے۔
سابق وزیراعظم نے لکھا کہ عوام سے خوفزدہ پی ڈی ایم تمام انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔عمران خان نے لکھا کہ ووٹ کا حق جمہوریت کا بنیادی اصول ہے اور پی ٹی آئی اس پر کاربند ہے۔واضح رہے کہ جمعہ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں شیڈول کے مطابق 31دسمبر کو بلدیاتی الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا جسے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن نے چیلنج بھی کردیا۔