وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی

پی ڈی ایم کی حکومت نے چند ماہ میں معیشت تباہ و برباد کردی ،اپنی نام نہاد سیاست بچانے کیلئے ملک سے کھلواڑ کر رہے ‘پرویز الٰہی

لاہور ( نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیر اعلی آفس میں سینئر وکیل رہنماء فیصل چودھری اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی افضل ساہی نے ملاقات کی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جہلم اور فیصل آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیت نیک اور سمت درست ہے۔نیت ٹھیک ہو تو اللہ تعالیٰ مدد کرتے ہیں اور منزل ملتی ہے۔

پی ڈی ایم والوں کی نیت میں بھی کھوٹ ہے اور سیاست میں بھی۔پی ڈی ایم کی حکومت نے چند ماہ کے اندر معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ان لوگوں نے اپنی کھوٹی سیاست کی خاطر ملک کو دائو پر لگایا ہوا ہے۔یہ اپنی نام نہاد سیاست بچانے کیلئے ملک سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔عوام پی ڈی ایم کی حکومت کو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں الٹی بھی ہو جائیں تو بھی عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔

عمران خان نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھ کر فیصلے کئے ہیں۔ چند ماہ میں پنجاب میں جتنے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، اس کی مثال گزشتہ 10 برس میں نہیں ملتی۔ پہلے دور میں میٹرک تک تعلیم مفت کی، اب بی اے تک تعلیم فری کردی ہے ۔ہمارا ہر لمحہ عام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے وقف ہے۔فیصل چودھری نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی عوام کی فلاح وبہبود کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔وکلاء برداری کی فلاح و بہبود کیلئے چودھری پرویز الٰہی کا جذبہ قابل قدر ہے۔ افضل ساہی نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کا پہلا سنہری دور آج بھی عوام کو یاد ہے اورچودھری پرویز الٰہی نے اب بھی مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے پائیدار اقدامات کئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں