اسپیکر

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا جنیوا کانفرنس میں عالمی برادری کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون کا خیر مقدم

اسلام آباد (گلف آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جنیوا کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور حکومت کی معاشی و سفارتی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔ اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ کانفرنس کا انعقاد پاکستان اور سیلاب متاثرین کیلئے غیر معمولی کامیابی ہے، عالمی برادری اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے مشکور ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے امداد سیلاب متاثرین کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائے گی۔

انہوںنے کہاکہ کانفرنس موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہو گی۔ انہوںنے کہاکہ جنیوا کانفرنس نہ صرف پاکستان بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے دیگر ممالک اور کراہ ارض کی ماحولیاتی بہتری میں سود مند ثابت ہو گی۔ انہوںنے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں آنے والے سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے، عالمی برادری کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے معاونت خوش آئند ہے۔سپیکر نے جنیوا کانفرنس میں پاکستان کی حمایت کرنے اور سیلاب متاثرین کے مسائل کو اجاگر کرنے والے ملکی اور غیر ملکی شرکاء اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو موثر انداز میں اجاگر کرنے پر ذرائع ابلاغ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں