اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ میری اور میری ٹیم کی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کی ٹیم کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں حکومت عوام پر بوجھ نہیں ڈالے گی، تنقید کرنے والے افواہوں کی بنیاد پر خوف و ہراس پھیلانا بند کریں، اللہ ایسے لوگوں کو ہدایت دے، ایسے عناصر کو چاہیے کہ قومی مفاد کو ہر چیز سے بالاتر سمجھیں۔ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےوزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفین کو حکومتی اقدامات ہضم نہیں ہورہے اور انہوں نے ڈیفالٹ کی گردان پکڑی ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جنیوا جانے سے پہلے کہا تھا کہ پاکستان کے ذخائر 10 ارب ڈالرز ہیں، ہمارا ہدف8.1 ارب ڈالر تھا۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کوحکومتی اقدامات ہضم نہں ہورہے، اور انہوں نے ڈیفالٹ کی گردان پکڑی ہوئی ہے، کچھ لوگوں نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معیشت پر تفصیلی میٹنگ کی ہے، ملک میں گیس کا گردشی قرضہ 1600ارب پر ہے، حکومت کا فیصلہ ہے کہ گیس صارفین پر بوجھ نہ پڑے، اور صارفین پر بوجھ نہیں پڑے گا، حکومت اپنے پیسے کاٹے گی۔