ویلنگٹن (گلف آن لائن)نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق جیسنڈا آرڈرن نے اپنے عہدے سے الگ ہونے کا اعلان پارٹی کے سالانہ اجلاس کے دوران کیا، وہ 7 فروری تک اپنے فرائص سرانجام دیتی رہیں گی۔سالانہ اجلاس میں جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنا ایک بڑی ذمہ داری تھی، لیکن اب وہ سمجھتی ہیں کہ ان میں وہ انرجی باقی نہیں رہی کہ وزیراعظم کے منصب کے ساتھ انصاف کرسکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ایک انسان ہوں، سیاستدان بھی انسان ہوتے ہیں، جب تک ہم کچھ کرسکتے ہیں تو ہم اپنا سب کچھ دیتے ہیں، پھر ایک ایسا وقت آتا ہے جب آپ کو ان سب سے الگ ہونا پڑتا ہے، میرے لیے یہ ایک بہترین وقت ہے۔وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ انہوں نے موسم گرما کے وقفے کے دوران اس بات پر غور کیا تھا کہ آیا ان کے پاس وزیراعظم کا منصب جاری رکھنے کی توانائی موجود ہے لیکن اب وہ اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ ایسا نہیں ہے۔
جیسنڈا آرڈرن کو دنیا کی سب سے کم عمر خاتون حکمران کا اعزاز حاصل ہے، وہ 2017 میں 37 سال کی عمر میں وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں۔اپنے دور حکومت میں جیسینڈا آرڈرن نے 2019 سے شروع ہونے والی عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران نیوزی لینڈ کی قیادت کی۔اس کے علاوہ جیسنڈا آرڈرن کو کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گرد حملے اور آتش فشاں پھٹنے سمیت بڑی آفات کا سامنا رہا