لاہور (گلف آن لائن) لاہور میں آئندہ تعلیمی سال کے لئے مفت درسی کتب کی ترسیل کا عمل شروع ہوگیا، سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم 6لاکھ سے زائد طلبہ کے لئے 45 لاکھ مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی، پہلے مرحلے میں 21 لاکھ کتابیں مہیا کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق 2023ء سے 2024ء تک 6 لاکھ طلبہ کو 45 لاکھ مفت درسی کتابیں مہیا کی جائیں گی، لاہور کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کی تعداد 6لاکھ سے زائد ہے، پہلے مرحلے میں پیف کے ماتحت سکولوں کے لئے 21 لاکھ کتابیں فراہم کی گئی ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب بھر کے سکولوں میں کتابوں کی تقسیم کا عمل 15مارچ سے کیا جائے گا، سرکاری سکولوں میں رجسٹرڈ طلبہ کو مفت کتابیں دی جائیں گی،کتابوں کی تقسیم کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔محکمہ تعلیم کے مطابق پنجاب بھر میں نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا،سالانہ امتحانات مارچ میں ہونگے۔کتابیں خورد برد کرنے والے افسران اور انتظامیہ کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔