اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے توانائی کے شعبے کے مسائل بشمول گردشی قرضے کو ختم کر نے کی حکومتی ترجیح پر زور دیتے ہوئے متعلقہ کمیٹی کو ہدیات کی ہے کہ گیس کے شعبہ میں گردشی قرضوں کو جلد از جلد کم کرنے کے لیے اپنی رپورٹ اور لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں۔وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فنانس ڈویژن میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا،
چیئرمین آر آر ایم سی،اشفاق یوسف تولہ چیئرمین ایس ای سی پی، کنٹرولر جنرل آف پاکستان، اکائونٹنٹ جنرل آف پاکستان ،فنانس اور پٹرولیم ڈویڑن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔گیس سیکٹر میں گردشی قرضے میں کمی کے لیے کمیٹی کے کنوینر اشفاق یوسف تولہ نے چیئرمین کو گیس کے شعبہ میں گردشی قرضے کی مقدار اور توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کو کم کرنے کے لیے اصلاحات متعارف کرانے کے طریقہ کار اور فریم ورک سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ملک میں اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے توانائی کے شعبے میں پائیداری لانے کے لیے قابل عمل تجاویز پر غور کیا گیا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے توانائی کے شعبے کے مسائل بشمول گردشی قرضے کو ختم کر نیکی حکومتی ترجیح پر زور دیا تاکہ اس شعبے میں مالی استحکام لاکر ملک کی اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ گیس کے شعبہ میں گردشی قرضوں کو جلد از جلد کم کرنے کے لیے اپنی رپورٹ اور لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں۔