اسلام آ با د(گلف آن لائن)چین میں نئے قمری سال کا آغاز ہوچکا ہے۔ سال گزشتہ کی آخری شبیعنی اکیس جنوری کی شب پیش کئے گئے چائنا میڈیا گروپ کے ثقافتی پروگرام 2023 جشن بہار ایوننگ گالا نے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے۔ یہ رنگارنگ سالانہ اسپرنگ فیسٹیول گالا، جسے چینی زبان میں “چھون و ان” بھی کہا جاتا ہے، رات 8 بجے شروع ہوا اور چار گھنٹے سے زائد تک جاری رہا، چینیوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں کروڑوں ناظرین نے اس پروگرام کو دیکھا۔رواں برس پیش کئے جانے والے گالا میں 40 دلکش پروگراموں نے چینی ثقافت کی جھلک ناظرین کے لیے پیش کی۔ ثقافتی اور فنی خوبیوں سے مزین اس گالا نے عالمی سامعین کے سامنے چین کی اعلیٰ معیاری ثقافتی خوبیوں کو بھر پور انداز میں متعارف کروایا۔
معروف پاکستانی گلوکار ساحر علی بگا نے ہفتہ کی شام کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں شاندار پرفارمنس پیش کی۔ اس پرفارمنس کو چینی اور پاکستانی دوستوں نے بہت پسند کیا۔ موجود ہ سال بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی 10 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ لہذا ساحر علی بگا سمیت بیلٹ اینڈ روڈ ممالک کے دیگر گلوکاروں نے اپنی اپنی زبانوں میں معروف گیت گائے۔ ساحر علی بگا نے معروف پاکستانی گانا کوکو کورینا پیش کیا۔ اس شو میں کینیڈین -فرانسیسی گلوکارہ سیلین ڈیون اور فرانسیسی اداکارہ سوفی مارسیو جیسے کئی بین الاقوامی ستاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔