اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کر رہنماء تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ جمہوریت معاشی ایمرجنسی اور سیکیورٹی سے نہیں جڑی ہوئی، جمہوریت کا مطلب آئین پر عمل درآمد کرنا ہے،آئین کہتا ہے اسمبلی تحلیل کے بعد 90روز میں الیکشن کرانا ہوں گے، جس نے الیکشن میں تاخیر کی اس کا نام جسٹس منیر کی طرح تاریخ میں یاد رکھا جائیگا،ایل سیز بند ہونے سے جانوں کیساتھ کھیلا جارہا ہے۔ رہنماء پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ جمہوریت معاشی ایمرجنسی اور سیکیورٹی سے نہیں جڑی ہوئی، جمہوریت کا مطلب آئین پر عمل درآمد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کہتا ہے اسمبلی تحلیل کے بعد 90روز میں الیکشن کرانا ہوں گے، آئین میں لکھا ہے کہ گورنر 90دن کے اندر الیکشن کی تاریخ دے گا۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ جس نے الیکشن میں تاخیر کی اس کا نام جسٹس منیر کی طرح تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جمہوریت اور معیشت کے ساتھ نہ کھیلیں، تین ارب ڈالر کا نقصان پچھلے تین مہینوں میں ہوا، ایل سیز بند ہونے کی وجہ سے جانوں کے ساتھ کھیلا جارہا ہے، ملک میں کینسر کی ادویات نہیں ہیں، ایکسرے کی فلمز ختم ہوگئی ہیں۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ان حالات سے تو بہتر ہوتا 9 ماہ پہلے الیکشن کرواتے۔
اس موقع پر رہنماء پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی نے کہاہے کہ یہ لوگ اپنا امپائر لاکر بھی بھاگ رہے ہیں، الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ نہیں دے رہا تو ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعلی ایسے فیصلے کریں جس سے خیبرپختونخوا کو فائدہ ہو۔انہوں نے کہا کہ گورنر کہتا ہے الیکشن کی تاریخ دینا میرا کام نہیں جبکہ الیکشن کمیشن کہتا ہے گورنر الیکشن کی تاریخ دے۔ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ آئی ایم ایف و دیگر ممالک اس حکومت کو سنجیدہ ہی نہیں لے رہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئیگا، موجودہ حکمرانوں کو فوری مستعفی ہوجانا چاہئے۔