بیجنگ ( گلف آن لائن)چینی وزارت خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال میں کشیدگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ چین ، فلسطین اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور تصادم میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ چین عام شہریوں کے خلاف ہر قسم کے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتا ہے، ساتھ ساتھ فوجی طاقت کے غلط استعمال کی بھی مخالفت کرتا ہے۔اتوار کے روز چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اس وقت کشیدگی میں کمی ، وقت کا تقاضہ ہے اور چین متعلقہ فریقوں بالخصوص اسرائیل سے درخواست کرتا ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لے اور صورتحال کو بے قابو ہونے سے روکے۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان بار بار تصادم کی بنیادی وجہ “دو ریاستی فارمولے” پر عمل پیرا نہ ہونا اور خودمختار مملکت کے قیام کے حوالے سے فلسطینی عوام کی دیرینہ جائز خواہش کی عدم تکمیل ہے۔عالمی برادری کو فلسطین اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لئے ماحول فراہم کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں چین مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کےلئے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھے گا۔