لاہو ر(گلف آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی رہنما حناپرویز بٹ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا دنیا کے کسی مذہب اور ملک سے کوئی تعلق نہیں ہوتا،پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں نمازیوں کی شہادتوں پر پوری قوم دکھی ہے،پاکستان کے امن کو تباہ کرنے والے پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں ،دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کے انجام کا وقت قریب آگیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی قوم گزشتہ دو دہائیوں سے دہشتگردی کی جنگ لڑ رہی ہے۔میاں نوازشریف کے دور حکومت میں نیشنل ایکشن پلان کی بدولت ملک سے دہشتگردوںکا صفایا کیا گیا۔
پوری قوم نے دہشتگردوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوکر انکا مقابلہ کیا اور دہشتگردی کی جنگ میں کامیابی حاصل کی،شمالی وزیرستان اور کراچی میں امن قائم کیا۔لیکن عمرانی ٹولے نے ان دہشتگردوں سے مذاکرات کے نام پر واپس پناہ دی۔آج پوری قوم اس ٹولے کی وجہ سے دہشتگردی کی عذاب کو دوبارہ بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پوری قوم کے سامنے طالبان کو واپس پاکستان لانے کا اعتراف کیا۔عمران خان اور اسکے حواری پوری قوم کے دشمن ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کو چاہیے کہ دہشتگردوں کیخلاف فوری ایکشن لینے کا اعلان کریں ،پوری قوم آپکے ساتھ کھڑی ہے۔