اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کی جانب سے اے پی سی میں شرکت سے انکار پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے آل پارٹیز کانفرس میں شرکت سے انکار ان کی منفی اور فسطائی سوچ کا ثبوت ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ عمران خان ملکی مفادات کے معاملات پر بھی کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، یہ نا کشمیر کے معاملے پر قومی یکجہتی کا حصہ بنے نا ہی اب دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان تاثر دے رہے ہیں کہ دہشتگردی صرف ملک اور قوم کا مسئلہ ہے، تحریک انصاف کا نہیں۔
انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف آل پارٹیز کانفرس میں شرکت نا کر کے دہشتگردوں کو پیغام دے رہے کہ تحریک انصاف ان کے خلاف نہیں۔شیری رحمان نے کہاکہ عمران خان تقسیم کا پیغام دے کر دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کر رہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کی سیاست کا مقصد صرف اپنی ذاتی مفادات تک ہی محدود ہے، سیاسی قوتیں قومی بحران میں ذاتی مفادات بھول کر یکجہتی کا پیغام دیتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کی تقسیم کی سیاست ملک دشمن قوتوں کے مفاد میں ہے، مذمت کافی نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو دہشتگردی کے خلاف اپنا بیانیہ واضع کرنا ہوگا۔