لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی کرپشن میں لتھڑی قیادت کو کو شرم دلوانے کیلئے ” ڈوب مرو ” تحریک بھی جلد شروع ہو گی، ،شریفوں اور زرداریوں سے” مزید کرپشن بند کرو ” مطالبے کی تحریک بھی چلے گی ، کارکنان اور عوام عمران خان کی جیل بھرو تحریک کی کال کے شدت سے منتظر ہیں ،تھرڈ ڈگری تشددکے باوجود پی ٹی آئی کے کسی رہنما نے عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑا ،ملک کی جیلیں کم پڑ جائیں گی لیکن نہ ہمارا جذبہ ماند پڑے گااور نہ حوصلے کم ہوں گے۔ زمان پارک میں عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے آنے والی خواتین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جیل بھرو تحریک سے پی ٹی آئی کے بغض میں مبتلا لوگ اپنی اناء کی تسکین حاصل کر لیں،
امپورٹڈ ٹولہ ایک منصوبے کے تحت ایسی حرکتیں کر رہا ہے جس سے انارکی اورانتشار پھیلے ،اس طرح کی منصوبہ بندی کا اصل مقصد انتخابات کو التواء میں ڈالنے کا جواز پیش کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ان کی ایسی کسی سازش کو کامیاب ہونے دے گی اورنہ انہیں انتخابات سے فرار اختیار کرنے دیا جائے گا ،امپورٹڈ ٹولے اور ان کے حواریوں کا ان شا اللہ ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کو عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے ، اگر انتخابات کے انعقاد میں نوے روز سے زیادہ تاخیر کی گئی تو اس پر آئین و قانون اپنا راستہ بنائے گا۔