مکوآنہ (گلف آن لائن)تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی 2022 میں امتحانی ڈیوٹیاں کرنے والے اساتذہ معاوضوں سے محروم۔۔ سالانہ اور ضمنی امتحانات میں ڈیوٹی کرنے والے پانچ ہزار سے زائد اساتذہ کو تاحال معاوضہ ملنے کا انتظار ہے۔ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی طرف سے سال 2022 میں ہونے والے امتحانات کی ڈیوٹیاں دینے والے اساتذہ کو تاحال معاوضے نہ مل سکے۔
فیصل آباد ڈویڑن میں سال 2022 میں سالانہ اور ضمنی امتحانات میں پانچ ہزار سے زائد اساتذہ نے ڈیوٹیاں دی تھیں لیکن ابھی تک ان اساتذہ کو ڈیوٹیوں کے معاوضے نہیں مل سکے ہیں۔ ایلیمنٹری سکول ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر عبدالغفور نے کمشنر فیصل آباد و چیئرپرسن بورڈ سمیت تعلیمی بورڈ حکام سے اساتذہ کے معاوضے فوری ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اساتذہ کہتے ہیں کہ معاوضے نہ ملے تو آئندہ امتحانات میں ڈیوٹیاں نہیں دیں گے۔ جب کہ تعلیمی بورڈ کے تحت یکم اپریل سے میٹرک امتحانات 2023 شروع ہورہے ہیں۔