مکوآنہ (گلف آن لائن )فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں متعدد ادویات کی قلت پیداہوگئی، عوام کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین، انسولین اور آنکھوں کے قطرے بھی نہیں مل رہے ہیں۔ میڈیارپورٹ کے مطابق دل کے مریضوں کیلئے ہیپرین کی قلت ہے، جب کہ ڈائریا کی دوائی حتی کے زخموں پر لگانے والی پائیوڈین تک مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔صوبے بھر کی ادویات کی مارکیٹوں میں انسولین، کینسر اور ڈپریشن کی ادویات کی بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جب کہ جلد کیلئے دوائیں بھی فارمیسز پر موجود نہیں ہیں۔
پنجاب کے بڑے شہروں کی حالت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایکسرے، سی ٹی اسکین، ایم آر آئی میں استعمال ہونے والے انجکشنز کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔اس سلسلے میں میڈیکل اسٹورز والوں کا کہنا ہے کہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی طرف سے ادویات کی سپلائی نہیں کی جارہی۔ معاملے پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادویات ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔دوسری جانب فارماسیوٹیکل کمپنیوں کا موقف ہے کہ میڈیسن کے خام مال دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے مینوفیکچرنگ میں مشکلات ہیں۔