مولانا اسعد محمود

مدارس اسلام اورپاکستان کے قلعے ہیں ، ہم مدارس دینیہ کا تحفظ کریں گے ، مولانا اسعد محمود

ملتان (گلف آن لائن)وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمودنے کہا ہے کہ مدارس اسلام اورپاکستان کے قلعے ہیں ، ہم مدارس دینیہ کا تحفظ کریں گے اور وطن عزیز پاکستان کی بھی حفاظت کریں گے ۔جامعہ قاسم العلوم کے سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ ہمارا معاشرہ لسانیت اور قوم پرستی کے نام پر تقسیم در تقسیم ہوا ہے، اسلام وحدت کی بات کرتا ہے اور معاشرے کو متحد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسی عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے.

مولانا اسعد محمود نے کہا کہ ہم نے عہد کرنا ہے کہ ہم اسلام کا پرچم ہمیشہ بلند رکھیں گے اور ہم آئین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ سکون ہے تو مدارس ہیں جہاں صبح شام قرآن وحدیث کے علوم پڑھائے اور سکھائے اور ان پر عمل کرنے کے لیے آپ کو تیار کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کے محاذ پر بھی دلیل سے اپنے موقف منوائیں گے اور اپنے مدارس کاتحفظ کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر فارغ التحصیل ہونے والے 51 طلباکی دستار بندی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں