نیویارک(گلف آن لائن) ہم سبھی جانتے ہیں کہ ذہنی دباﺅ اور ڈپریشن انسانی ذہنی و جسمانی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرتی ہیں۔ یہ نہ صرف انسان کے دل، قوت مدافعت اور دیگر اعضائاور جسمانی افعال کو متاثر کرتی ہے بلکہ یہ بانجھ پن کی بھی ایک بڑی وجہ ہے۔
اب سائنسدانوں نے معلوم کر لیا ہے کہ ذہنی تناﺅ بانجھ پن کا کس طرح سبب بنتا ہے۔میڈیا کے مطابق سنٹرآف نیورواینڈوکرینالوجی کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ذہنی تناﺅ کی صورتحال میں دماغ میں موجود ’آر ایف آر پی نیورانز‘ نامی عصبی خلیے متحرک ہو جاتے ہیں جو مردوخواتین کی قوت تولید کو دباتے اور اسے کم کرتے ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر گریگ اینڈرسن کا کہنا تھا کہ ”اگر طویل عرصے تک انسان ذہنی تناﺅ کا شکار رہے تو دیگر ذہنی و جسمانی مسائل کے ساتھ ساتھ بانجھ پن کا مسئلہ بھی لاحق ہو سکتا ہے۔ ہماری اس تحقیق سے آر ایف آر پی نیورانز کو متحرک ہونے سے روکنے والی دوا ایجاد کرنے میں مدد ملے گی جس سے ہم ذہنی تناﺅ سے لاحق ہونے والے بانجھ پن کا راستہ روکنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔