لاہور(گلف آن لائن)سینئر اداکار وسیم عباس نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں شاید آج کا اسٹیج میرے جیسے لوگوں کا مزاج نہیں ہے ، جب ہم اسٹیج پر کام کرتے تھے تو اس وقت اس میں اصلاح کا پہلو ہوتا تھا اور ڈرامہ دیکھنے والے اس موضوع کو زیر بحث لاتے تھے ، آج اسٹیج ڈرامہ کس طرف جارہا ہے میں اس بارے کچھ نہیں کہوں گا۔
ایک انٹر ویو میں وسیم عباس نے کہا کہ ان دنوں کراچی میں بننے والی مختلف ڈرامہ سیریلز میں کام کر رہا ہوں ،مجھے خوشی ہے کہ جس طرح میرے والد نے نام او ر مقام بنایا تھا میں بھی ان کے نقش قدم پر چلا ہوں اور الحمد اللہ اس سے بڑھ خوشی کی بات یہ ہے کہ میرا بیٹا بھی اس میراث کو آگے بڑھا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے طویل عرصے تک لاہور کے اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کی اور اس دور میں ایسے ایسے شاہکار ڈرامے پیش کئے گئے جن کی کہانیاں آج بھی دیکھنے والوں کے ذہنوں پر نقش ہیں ۔میں انتہائی معذرت کے ساتھ کہوں گا آج کل جو اسٹیج ڈرامے بن رہے ہیں یہ میرے جیسے کا مزاج نہیں ہے ۔