اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اوپر ہم اربوں روپے خرچ کرتے ہیں، اگر الیکشن کمیشن وقت پر انتخابات نہیں کراتا تو آئین کی خلافی ورزی کریگا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن سے متعلق نفرت پھیلانے کے کیس میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، ہم جیل بھرو تحریک کے لیے تیار ہیں، الیکشن کے لیے یہ لوگ تیار نہیں، موجودہ حکومت عمران خان کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہاکہ آج غداری کیس میں پیشی تھی، ابھی تک پولیس چالان پیش نہ کرسکی، چالان پیش کریں تاکہ ہمیں بھی پتہ لگے کہ ہم نے غداری کیا کی ہے، اگر میں غدار ہوں تو میرے سارے ووٹر غدار ہیں۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں کچھ ناسمجھ لوگ ہیں جنہیں تاریخ کا نہیں پتہ، ہمارے اوورسیز پاکستانی ان سے کیوں نفرت کرتے ہیں، اس حکومت نے گرین پاسپورٹ کی عزت ختم کردی ہے۔