واشنگٹن(گلف آن لائن)امریکا روس پر حملوں کے لیے القاعدہ اور داعش کے جنگووں کو بھرتی کرکے شام میں تربیت دے رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس کی خفیہ ایجنسی نے ایک بیان میں کہاکہ امریکی فوج مذہبی شدت پسندوں کو روس پر حملوں کیلئے منظم کر رہی ہے۔روس کی بیرونی انٹیلیجنس سروس نے کہا کہ انٹیلیجنس اطلاعات کے مطابق داعش اور القاعدہ کے 60جنگجووں کو بھرتی کر کے شام کے امریکی اڈے میں تربیت دی جا رہی ہے۔
روسی خفیہ ایجنسی نے دعویٰ کیاکہ ان جنگجووں کو روس کے سفارتکاروں، بیوروکریٹس، قانون نافذ کرنے والے افسران اور مسلح افواج کے افسران پر دہشتگردانہ حملوں کی ذمہ داری دی جائے گی۔خفیہ ایجنسی ایس وی آر سوویت یونین کے زمانے کی کے جی بی کا حصہ تھی۔ اس کے سربراہ سرگئی ناریشکن ہیں جنہوں نے گزشتہ برس انقرہ میں سی آئی اے ڈائریکٹر ولیم برنز سے ملاقات کی تھی۔