بیجنگ (گلف آن لائن) امریکی ایوان نمائندگان میں چین کے انتہائی بلندی پر اڑنے والے غبارے کےامریکی سرزمین پر استعمال سےمتعلق قرارداد کی منظوری دی گئی ہے، جس پر چین کی قومی عوامی کانگریس کی کمیٹی برائے خارجہ امور نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت اور بھرپور مخالفت کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کا یہ عمل خالص بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا اور سیاسی جوڑ توڑ ہے۔جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق
بیان میں نشاندہی کی گئی ہے کہ چین کے “سویلین ان مینڈ ایئرشپ” کا امریکی فضائی حدود میں داخل ہونا غیر دانستہ ہے اور یہ محض اتفاقی واقعہ ہے، جس سے امریکی اہلکاروں اور ان کی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔چین نے ذمہ دارانہ روئیے کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر امریکا اور عالمی برادری کو تمام تر صورتِ حال سے آگاہ کر دیا تھا لیکن امریکا نے طاقت کا استعمال کیا اور اس واقعے کوبڑھاوا دیا ،جو بین الاقوامی قوانین اور ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اسی واقعے کی آڑ میں امریکی کانگریس کے کچھ سیاستدانوں نے معاملے کو مزید ہوا دی جس سے ان کا چین کی مخالفت کرنےکا بدنیتی پر مبنی رویہ عیاں ہوگیا ہے۔حقیقت میں دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں بے دریغ مداخلت کرنے والا اور ان کی جاسوسی کرنے والا ملک ، کوئی اور نہیں امریکا ہی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکی کانگریس نے “چین کی جانب سےامریکی سرزمین پر اونچی پرواز والے غبارے کے استعمال کی قرارداد” منظور کر لی، جو بنیادی حقائق کو نظر انداز کرکے خالصتاً سیاسی جوڑ توڑ اور بدنیتی پر مبنی افواہ ہے۔ چین اس سے سخت غیر مطمئن ہے اور اس کی بھرپور مخالفت کرتا ہے۔ ہم امریکی کانگریس سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ حقائق، بین الاقوامی قانون کی روح اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کا احترام کرے، چین کو بدنام کرنے کے غلط عمل کو فوری طور پر روکے، اور ایسے اقدامات کرنا بند کرے جو صورتحال کو مزید خراب کرنے کا باعث بنیں۔