لاہور ( گلف آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار آل رائونڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ اس ملک نے ہمیں بہت دیا ہے اب ہمارا کام ہے اسے واپس کیا جائے، میرا دل ہے میں پاکستان کی طرف سے مزید کھیلوں اور اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیرئیر میں 15 ہزار رنز مکمل کروں۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ سے پہلے ریٹائرمنٹ لے چکا ہوں، اب ایک ہی بار ریٹائرمنٹ لوں گا، اپنے کیرئیر سے اپنے بیٹے کو متاثر کرنا چاہتا ہوں، کسی سے کوئی توقع نہیں صرف اللہ سے امید ہے، میری عمر کے حوالے سے زیادہ بات نہیں ہونی چاہیے،
میری امی کہتی ہیں کہ کھیلتے رہو۔سٹار آل رائونڈر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز میں بلے بازوں نے اچھا کھیلا، خوشی ہے کہ میچز میں نوجوان بالرز نے رنز کا دفاع کیا، میچ میں جارحانہ انداز ہونا چاہیے، عامر ،بابر اور عماد ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں، عامر اچھی بالنگ کر رہے ہیں وہ کم بیک کرے گا۔شعیب ملک نے مزید کہا کہ ہماری قومی ٹیم میں ابھی تھوڑی تجربے کی کمی ہے ، میری درخواست ہے کہ افتخار احمد کو ون ڈے ٹیم میں ہونا چاہیے، ورلڈکپ سکواڈ میں بھی افتخار کو لازمی ہونا چاہیے وہ بہت اچھی فارم میں ہے، حیدر علی میں بہت ٹیلنٹ ہے اس کو بتاتے رہتے ہیں۔