ڈیرہ اسماعیل خان (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ جو ادارہ یا شخصیت الیکشن میں ایک دن تاخیر کا باعث بنے گا، اسے پھانسی تک لے جاؤں گا، عمران خان کو نظام میں اصلاحات کا اختیار نہ ملا تو وہ بار بار اسمبلیاں توڑتا رہے گا۔ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقہ این اے 38 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ استعفے کی بات کرنے والے اسد محمود اب سامنے آئیں، باپ بیٹا دونوں غائب ہیں، میرے مقابلے میں کوئی کاغذات نامزدگی جمع کرنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل تک ایک دوسرے کو گالیاں دینے والے آج ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے ہیں، میں نے کبھی شہباز شریف، فضل الرحمان یا زرداری کی تعریف کی تو عوام مجھے جوتیاں مارے، کبھی بھی وفاداری تبدیل کروں گا نہ ذاتی مفاد کیلئے ان لوگوں کے ساتھ بیٹھوں گا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان کو امریکا کو اڈے نہ دینے کی سزا دی گئی، ہم نے ڈالروں کیلئے اپنے بچے بھی مروائے اور افغانوں کے بچے بھی مروائے، لاکھ لعنت بھیجتے ہیں ایسے ڈالروں پر جو دوسروں کے بچوں کو مروا کر کمائے جائیں۔